سولیا،20؍ دسمبر (ایس او نیوز) بیلارے کے نوین کمار کامدھینو نامی نوجوان تاجر کو زبردستی ایمبولینس میں ڈال کر اغوا کرنے کے الزام میں نوین کے والد ایم مادھو گوڈا، اس کی ساس دیویا پربھا سمیت 6 افراد کے خلاف بیلارے پولیس اسٹیشن میں نوین کی ماں نیرجاکشی کی طرف سے شکایت درج کروائی گئی ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ نوین کمار اور اس کی بیوی اسپندنا کے بیچ گزشتہ تین مہینوں سے تعلقات خراب ہوگئے تھے اور اسپندنا اپنے مائیکے چلی گئی تھی ۔ 18 دسمبر کو اسپندنا اور اس کی ماں دیویا پربھا، باپ پرشورام اور بھائی سپرشیت کے علاوہ رشتہ داروں نے نوین کے گھر پہنچ کر آپس میں صلح صفائی کی کوشش کی مگر نوین کمار نے اپنی بیوی اسپندنا کو قبول کرنے سے انکار کیا۔
نوین کی ماں نیرجاکشی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اسی بات کو لے کر اس کے شوہر یعنی نوین کے باپ مادھو گوڈا، ساس دیویا پربھا اور دیگر لوگوں نے مل کر نوین کے ہاتھ پاوں باندھ کر اسے اغوا کرنے کی کوشش کی ۔ اغوا کاروں کو روکنے کی کوشش میں نیرجاکشی بھی زخمی ہوگئی اور اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
پولیس نے شکایت قبول کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔